لاہورناقابل رہائش؟آلودگی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے،انڈیکس1319ریکارڈ

09:17 AM, 2 Nov, 2024

ویب ڈیسک: (سعدیہ مقصود) صوبائی دارالحکومت لاہور پر سموگ کے سائے برقرار ہیں جبکہ لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں سموگ کی اوسط شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، شہر لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 1067 تک پہنچ گیا، ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1319 تک جا پہنچا ہے۔

اسی طرح امریکن قونصلیٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1007 تک پہنچ گیا ہے۔

لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث سانس کے مسائل سامنے آ رہے ہیں جبکہ آنکھوں میں جلن کی شکایات بھی ہیں، طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہن کر باہر نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے بھارت کا شہر کولکتہ311 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور دہلی258 اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا کوئی امکان نہیں،اسموگ طویل عرصے تک برقرار رہنے کا خدشہ ہے،طبی ماہرین نے شہریوں کو باہر نکلتے وقت ماسک پہننے اور چشمے کا استعمال لازمی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈاکٹرز نے بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے اور گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ شہریوں کو دن میں زیادہ پانی پینے اور ناک اور گلے کو گیلا رکھنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

آلودگی سے بچاؤ کے لیے ایئر پیوریفائر استعمال کریں، درختوں اور پودوں کے ساتھ قریبی جگہوں پر وقت گزاریں۔

ماحولیاتی تحفظ کے ایک سینیئر اہلکار جہانگیر انور نے میڈیا کو بتایا کہ فضائی آلودگی کے حوالے سے ’ہم کبھی بھی ایک ہزار کی سطح پر نہیں پہنچے ہیں۔‘
جہانگیر انور نے مزید کہا کہ اگلے تین سے چار دنوں تک ہوا کے معیار کا انڈیکس بڑھتا رہے گا۔

مزیدخبریں