ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جاری کر دیا۔
تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت 4 نومبر کو مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ آفس نے درخواست پر وکالت نامہ پرانا ہونے کا اعتراض عائد کیا، وکالت نامہ میں وکیل کو درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر آفس کا اعتراض دور کیا جاتا ہے، ٹرائل کورٹ کا درخواستِ ضمانت مسترد کرنے کا تصدیق شدہ آرڈر نہ ہونے کا بھی اعتراض عائد کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے تصدیق شدہ آرڈر کی کاپی عدالت میں پیش کر دی ہے۔
حکمنامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کے آرڈر کی کاپی متعلقہ آفس میں جمع کرائی جائے، آفس درخواستِ ضمانت پر نمبر لگا کر کیس پیر کو سماعت کے لیے مقرر کرے۔