لاہور:سگیاں پُل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ،باپ 2بیٹوں سمیت قتل،وزیراعلیٰ کا نوٹس

01:27 PM, 2 Nov, 2024

ویب ڈیسک: لاہور کے سگیاں پل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کر دیا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کیخلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ باپ اور 2 بیٹے پیشی پر جا رہے تھے کہ مخالفین نے فائرنگ کر دی۔

پولیس نے بتایا کہ مقتولین کی مخالفین سے دشمنی چلی آ رہی ہے،مقتولین کی شناخت صفدر، یاسر صفدر اور ناصر صفدر کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے کہا کہ مقتولین رکشے میں سوار ہو کر عدالت جا رہے تھے، فائرنگ کرنے والے افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفصیلات میں تہرے قتل کی واردات ذاتی دشمنی کی بنیاد پر پیش آئی،2015 میں قتل ہونے والے خاندان کے افراد نے آج مقتولین پر حملہ کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ حملہ میں تین افراد موقع پر ہلاک ہوئے، رکشہ ڈرائیور محفوظ رہا، فائرنگ سے صفدر، یاسر اور ناصر موقع پر جاں بحق، شدید زخمی جعفر میئو ہسپتال منقتل ہے،چوہنگ کا رہائشی خاندان پیشی کے لیے جا رہا تھا کہ حملہ ہوا،2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 حملہ آوروں نے مقتولین پر فائرنگ کی،ایک حملہ آور کی عثمان ولد رمضان کے نام سے شناخت ہوئی ہے،واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کانوٹس

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئےسی سی پی او لاہور سےرپورٹ طلب کرلی،آئی جی پنجاب نےایس ایس پی آپریشنز لاہور کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔آئی جی پنجاب نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف  کا نوٹس

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے  لاہور رکشہ پر فائرنگ سے باپ بیٹے سمیت 3 افراد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مقتولین کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے قانون کے مطابق فوری کارروائی کا حکم دیدیا اور کہا کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مزیدخبریں