ویب ڈیسک: وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ احتجاج کی فائنل کال صوابی میں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج خان صاحب سے ملاقات ہوئی ہےاور بڑے عرصے بعد ہوئی ہے،جو خان صاحب کے ساتھ جیل میں رویہ اختیار کیا گیا یہ رویہ دوبارہ برداشت نہیں کیا جائے گا،میں اس حوالے سے پہلے بھی بیاں دے چکا ہوں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات پر پابندی عائد کی گئی تھی، دوبارہ ایساکیا گیا تو ہماراپلان تیار ہے۔اب ہمیں موجودہ حکومت سے جان چھڑانی ہوگی، ملک میں آئین توڑا گیا، ملک میں قانون کی بالادستی نہیں ہے، فارم 47 کی حکومت سے ہمیں چھٹکارا حاصل کرنا ہے، اب ہم سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مارا جاتا ہے، ہمارے ورکرز کو گرفتارکرلیا جاتا ہے، ایک کیس میں رہائی ہے دوسرے میں گرفتاری ہوجاتی ہے۔9 نومبر کو صوابی انٹرچینج پر جمع ہو رہے ہیں، صوابی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، فائنل کال صوابی میں دی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گھر پر بتاکر نکلنا کہ واپس نہ آئیں تو جنازہ پڑھا دیں،اب ہم حکومت کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکیں گے، پرامن رہ کرہم نے بہت مار کھالی، 8 نومبر کو پشاور میں جلسے کے بجائے 9 نومبرکو صوابی میں جمع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام فیصلہ سازوں کو وارننگ دے رہے ہیں، ہمارا مقصد ملک میں حقیقی آزادی ہے، ہم نے اپنا مینڈیٹ واپس لینا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میں کوئی کردار ادا کروں گا تو خود بتاؤں گا، میں کسی سے نہیں ڈرتا، سب کو پتا ہے کس نے کیا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ جیل میں ہے، مجھ اکیلے شخص پر 8 اضلاع میں توڑ پھوڑ کے مقدمے ہیں،مجھ پر ایک گھنٹے میں 8 جگہ توڑ پھوڑ کے مقدمات درج کیے گئے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب تک آئین کو توڑنے والے کو سزائے موت نہیں ملے گی آئین ٹوٹتا رہے گا، قانون توڑنے والے کو سزا نہیں ہوگی تو قانون توڑا جاتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے رکاوٹوں کے باوجود ڈی چوک پہنچ کر دکھایا، ہم پر حملہ کیا گیا، گرفتاریاں کی گئیں، ہمارے تازہ دم دستے پھر آئیں گے، یہ ہمیں کاؤنٹر کرنے کیلئے پلان بنائیں گے تو ہم بھی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا موبائل فون لیا گیا، گاڑی توڑ دی گئی، میرا موبائل جس کے پاس ہے وہ بتادے بخش دوں گا، گورنر راج اور جیلیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔
قبل ازیں بانی پی آٹی سے علی امین گنڈاپور پور کی اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات ختم ہوگئی،وزیراعلی خیبرپختونخوا سے بانی پی آٹی کی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد دیر تک جاری رہی،علی امین گنڈا پور آج تین بجے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔ملاقات کے بعد علی امین گنڈا پور 4 بج کر 20 منٹ پر اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے واپس روانہ ہو گئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے 5 اکتوبر کے احتجاج کے بعد علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے آج پہلی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی کے پی کے اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا،ملاقات میں پارٹی معاملات پر بھی بات چیت کی گئی،وزیراعلی خیبرپختونخوا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو صوبہ کے پی کے حکومتی معاملات پر بھی اعتماد میں لیا، علی امین گنڈاپور نے ملک کی موجود سیاسی صورتحال کے حوالے سے بھی بانی پی ٹی کو آگاہ کیا۔بطور وزیر اعلی خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل آ کر بانی چیئرمین سے میں متعدد ملاقاتیں کر چکے ہیں۔