آرمی چیف کی یو این سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات
01:15 PM, 2 Oct, 2022
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکا کے سرکاری دورے کے دوران یو این سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر جنرل بیرامے ڈیوپ سے ملاقات ہوئی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکا کےسرکاری دورے کے دوران یو این سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر جنرل بیرامے ڈیوپ سے ملاقات کی ہے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جنرل باجوہ اور جنرل ڈیوپ نے باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال اور پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی اقدار کے فروغ اور بحرانی صورتحال میں یو این ملٹری ایڈوائز کے کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ڈیوپ نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ۔ یو این ملٹری ایڈوائزر نے امن مشنز اور انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔