ویب ڈیسک: بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے) کو بڑا دھچکا لگا ہے، بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کیا، خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں بی ایل اے کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
اندرونی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقہ ہرنائی میں 12 ستمبر کو بی ایل اے کے ٹھکانوں پر جوائنٹ آپریشن کیا، آپریشن کے نتیجے میں بی ایل اے کے 6 اہم دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں میں شافو سمالانی عرف تادین، سرمد خان عرف دستین، محمد گل مری عرف واحد بلوچ، غلام قادرمری عرف انجیر بلوچ، عبید بلوچ عرف فدا اور تاج محمد عرف بابل شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام ہلاک دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور معصوم لوگوں پر براہ راست حملوں میں ملوث تھے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کے 6 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، ان دہشت گردوں کی ہلاکت بی ایل اے کے لیے بڑا دھچکا ہے، بلوچستان کی غیور عوام نے نام نہاد آزادی کا لبادہ اوڑھے دہشت گردوں کو مسترد کر دیا ہے۔
کامیاب آپریشن پر محسن نقوی کا خراج تحسین
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہرنائی میں کالعدم بی ایل اے کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر کامیاب آپریشن کرکے 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ سکیورٹی فورسز کو کامیاب آپریشن کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر مبارک باد دیتا ہوں۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔ دہشتگرد اور سہولت کار دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس دھرتی سے دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ بلوچستان میں قیام امن کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔