ویب ڈیسک: امریکی صدارتی انتخابات2024، نائب صدارتی امیدواروں ٹم والز اور جے ڈی وینس میں مباحثہ، ایک دوسرے پر ذاتی حملے، شدید اختلافات سامنے آگئے۔
امریکا میں نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدارتی امیدوار ٹم والز اور ری پبلکن پارٹی کے نائب صدارتی امیدوار جے ڈی وینس میں مباحثے کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال، تارکینِ وطن کی آمد، ٹیکسوں کے اطلاق، اسقاطِ حمل کے حقوق، موسمیاتی تبدیلی اور معیشت کو موضوعِ بحث بنایا گیا۔
اس مباحثے میں دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے کی پالیسی سے شدید اختلاف کرتے ہوئے ذاتی نوعیت کے حملے کیے۔
دونوں جماعتوں کے حریف امیدواروں نے صدارتی امیدواروں ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک کاملا ہیرس کے برعکس قدرے نرم لہجے میں ایک دوسرے پر تنقید کی۔
جے ڈی وینس نے صدر کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار اور نائب صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کاملا ہیرس نے عہدے پر رہتے ہوئے امریکا میں افراطِ زر، تارکینِ وطن کے معاملے اور ملک کی معیشت کے حوالے سے اس وقت اقدامات کیوں نہیں کیے جب وہ بائیدن ایڈمنسٹریشن میں عہدے پر موجود ہیں۔
جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھا کہ کاملا ہیرس کے پاس اگر امریکا کے متوسط طبقے کے مسائل حل کرنے کے لیے اس قدر اچھے منصوبے ہیں تو اس وقت عمل کیوں نہیں کیا جب وہ ساڑھے تین برس سے عہدے پر موجود تھیں۔
دوسری جانب ڈیموکریٹک امیدوار ٹم والز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک غیر مستحکم رہنما قرار دیا جن کی ترجیح ارب پتی افراد ہیں۔
انہوں نے جے ڈی وینس کی کاملا ہیرس پر کی گئی تنقید کو بھی تارکینِ وطن کا معاملہ اٹھا کر ان کی جانب ہی موڑ دیا اور ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس میں سیکیورٹی بل کو ترک کرنے کے حوالے سے ری پبلکن ارکان پر دباؤ ڈالنے کا ذکر کیا۔
نیویارک میں دونوں امیدواروں میں ہونے والا مباحثہ امریکہ کے نشریاتی ادارے ’سی بی ایس‘ نے نشر کیا۔
ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹم والز نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بہت زیادہ تذبذب کا شکار ہیں اور وہ کسی تنازع کو سنبھالنے کے لیے مضبوط شخصیات کے ہمدرد بن جاتے ہیں۔
ری پبلکن پارٹی کے نائب صدر کے امیدوار جے ڈی وینس اس بات پر زور دیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کی مدت میں دنیا کو زیادہ محفوظ مقام بنایا تھا۔
مباحثے کے دوران جب میزبان نے یہ سوال پوچھا کہ کیا وہ اسرائیل کے ایران پر پیشگی حملے کی حمایت کریں گے؟ تو جے ڈی وینس نے تجویز دی کہ وہ اسرائیل کے اس اقدام کو ٹال دیں گے جب کہ ٹم والز نے اس سوال کا براہِ راست کوئی جواب نہیں دیا۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر کے امیدوار 60 سالہ ٹم والز ریاست منی سوٹا کے گورنر ہیں۔ وہ ہائی اسکول کے استاد رہ چکے ہیں۔
ری پبلکن پارٹی کے نائب صدر کے امیدوار جے ڈی وینس کی عمر 40 برس ہے اور ان کی کتب امریکا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں میں شامل ہیں۔ وہ ریاست اوہائیو سے سینیٹر ہیں۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ٹی وی پر یہ مباحثہ دیکھ رہے تھے۔ انہوں نے مباحثے کے دوران اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ‘ پر بھی اس دوران متعدد پوسٹس کیں۔