ویب ڈیسک: عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کے آخری گواہ پر بشری بی بی کے وکیل کی جرح آج بھی مکمل نہ ہو سکی۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت پیش کیا گیا۔ملزمان کی جانب سے عثمان ریاض گل اور چوہدری ظہیر عباس عدالت پیش ہوئے۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔
وکلا صفائی نے موقف اپنایا کہ عدالت سے ملزمان کی درخواست بریت خارج کرنے کے خلاف ہائیکورٹ میں سماعت ہے،درخواست بریت مسترد ہونے کے خلاف ہائیکورٹ میں حاضر ہوں گے، دلائل دینا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے باعث آج نیب کے آخری گواہ پر جرح کرنا ممکن نہیں۔
عدالت نے حکم دیا کہ آپ سماعت ملتوی کرنے کے حوالے سے درخواست دائر کر دیں۔
ملزمان کے وکلا کی جانب سے عدالت میں سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔
عدالت نے وکلاء صفائی کی درخواست منظور کرلی۔
نیب کے آخری گواہ پر بشری بی بی کے وکیل کی جرح آج بھی مکمل نہ ہو سکی۔
بعد ازاں عدالت نے ریفرنس پر سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔