مشرق وسطی میں شدید کشیدگی پر پاکستان کا اہم ترین بیان

10:46 PM, 2 Oct, 2024

 ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا لبنان پر حالیہ حملے سے کشیدگی میں شدت آئی جس سے معصوم شہریوں کی زندگیاں متاثر ہو رہی ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان نے مشرق وسطی میں کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کا مطالبہ کردیا، پاکستان کی جانب سے مشرق وسطی میں کشیدہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا،   پاکستان نے تمام فریقین سے امن کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ حالیہ ماہ میں اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین اور یو این چارٹر کی خلاف ورزیاں کیں جن کی بدولت سنگین انسانی بحران نے جنم لیا، اسرائیل نے علاقائی امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے،غزہ میں جاری نسل کشی کی بدولت علاقائی امن اور سلامتی خطرے میں ہے۔

فلسطین اور لبنان کے عوام تشدد اور خوف سے پاک زندگیاں گزارنے کا حق رکھتے ہیں، بین الاقوامی برادری کو کشیدگی میں کمی کے لیے فوری کارروائی کرنی چاہیے، تمام فریقین کو موجودہ صورتحال میں ایک قدم پیچھے ہٹنا ہوگا، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہناتھا کہ سلامتی کونسل لبنان کی سلامتی و خود مختاری کو یقینی بناتے ہوئے غزہ میں انسانی بحران کا خاتمہ کرے، پاکستان مشرق وسطی میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کی مسلسل حمایت کرتا چلا ایا ہے۔

پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور جامع حل کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے جو اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے ساتھ بین الاقوامی قوانین میں پنہاں ہے۔

مزیدخبریں