اداکارہ عائشہ ثنا کو عدالت نے اشتہاری قرار دیدیا
08:51 AM, 2 Sep, 2021
لاہور ( ویب ڈیسک ) ٹی وی انڈسٹری کی مایہ ناز اداکارہ عائشہ ثنا کو عدالت نے اشتہاری قرار دیدیا، اداکارہ پر یوسف بیگ مرزا کی فیملی کو بدنام کرنے کی کوششیں کرنے کا الزام ہے جس کے جواب میں وہ عدالت میں پیش نہیں ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کی سیشن عدالت میں جج سید علی عباس کی عدالت نے مایہ ناز ٹی وی اداکارہ عائشہ ثنا کو مسلسل عدا لت سے غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیدیا ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے شہری یوسف بیگ مرزا کی مدعیت میں چالان پیش کر رکھا ہے۔ یوسف بیگ مرزا کی طرف سے الزام لگایا گیا ہے کہ عائشہ ثنا نے ان کی بیوی اور بیٹی کی نازیبا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس کی وجہ سے ان کے خاندان کی بدنامی ہوئی ہے، عدالت کی طرف سے اشتہاری اس وقت قرار دیا گیا ہے جب ملزمہ کو کئی بار طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔