پاکستانی فلم ’’کارما‘‘کی آمدن کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان
11:09 AM, 2 Sep, 2022
نئی پاکستانی فلم ’’کارما‘‘ کی ریلیز پر فلم کی ٹیم نے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی ٹھان لی ہے۔ فلم ’’کارما‘‘ کی آمدن کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ ستارے بھی میدان میں آگئے ہیں،فلم پروڈیوسر کاشان اڈمانی کے مطابق ہر ٹکٹ پر 200 روپے عطیہ سیلاب متاثرین کو جائیں گے، اداکارہ ژالے سرحدی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اس فلم کی کمائی کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا، اداکار عدنان شاہ نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے فنکار بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ اداکارہ نوین وقار نے کہا کہ کا سیلاب زدگان کی مدد کیلئے ہر پلیٹ فارم پر فنڈ ریزنگ کے لئے تیار ہیں، خواہش یہ ہے کہ سب مل کر سیلاب سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کریں، جبکہ ماڈل نادیہ حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا کہ سیلاب زدگان کی امداد کا سلسلہ گھر کے ملازمین سے شروع کیا ہے جن کے گاؤں سیلاب میں ڈوب چکے ہیں۔ دوسری جانب اداکار پارس مسرور کا کہنا تھا کہ فلم کی کمائی سے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کا اعلان ایک خوش آئند اقدام ہے۔