پنجاب حکومت کا مریم نواز کی سیکورٹی کم کرنے کا فیصلہ
11:46 AM, 2 Sep, 2022
لاہور : پنجاب کی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی سیکورٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ہوم سیکریٹری کی زیرصدارت پروینشل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں (ن) لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی سیکورٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مریم نواز کی غیر موجودگی میں وزیراعظم ہاؤس لاہور کی سیکورٹی بھی کم کی جائے گی۔ اجلاس میں مریم نواز کی رہائش گاہ رائیونڈ جاتی عمرہ سے بھی گن مین کم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ دوسری جانب ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع وزیراعظم ہاؤس پر 266 پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔ پولیو ٹیموں پرحملوں کے بعد ان کی سیکورٹی بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکوٹی فراہم کی جائے گی۔