لاہورسمیت مختلف شہروں میں ہلکی اورتیز بارش،نشیبی علاقےزیرآب،ٹریفک کی روانی متاثر

10:31 AM, 2 Sep, 2024

ویب ڈیسک: لاہور سمیت مختلف شہروں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے،سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ شہر قائد میں آج بھی بوندا باندی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور شہرکے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوگئی،گلبرگ ، والٹن،جیل روڑ ،فیصل ٹاؤن،قائداعظم انڈسٹریل ایریا،موچی پورہ،کالج روڈ،ماڈل ٹاؤن،ٹاؤن شپ اور ڈیفنس سمیت مختلف علاقوں میں بارش کاسلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پھوٹھو ہار، اسلام آباد، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران شام/رات میں بالائی خیبرپختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جبکہ شام یا رات کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا

چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مردان، صوابی، چارسدہ، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسمعیل خان میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہونے کی توقع ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا اس دوران ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، بارکھان، لورالائی،کوہلو، سبی، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، پشین اور زیارت میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

سندھ

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم تھر پارکر، عمر کوٹ، مٹھی، میرپور خاص اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 3 تا 4 ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا ہے،  3 تا 4 ستمبر کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفےسے مزیدبارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پیشگوئی کے مطابق کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، عمرکوٹ، میرپورخاص، تھرپارکر، مٹھی، دادو، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور خیرپور کے علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان  ہے۔جبکہ شدید بارش کے نتیجے میں شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔ سیلاب اوربارش کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کشمیر

کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی ہے۔

کراچی

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود،کہیں دھوپ تو کہیں ہلکے بادلوں کا راج ہے،آج درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری اضافہ متوقع ہے۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،شہر قائد میں آج بھی بوندا باندی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے،آج مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی حصوں میں  داخل ہونے کا امکان ہے،آج ایک مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں پر اثر انداز ہوگی جبکہ  کراچی سمیت سندھ بھر میں 3 ستمبر سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہے اور بارشوں کا سلسلہ 4 ستمبر تک جاری رہے گا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بھارت کے وسطی حصے میں موجود ہوا کا شدید کم دباؤ سندھ کا رخ کرے گا،مون سون ہوائیں آج رات سندھ میں داخل ہونگی،کل تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، ٹنڈوالہیار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ حیدرآباد, سجاول، جامشورو میں 3 اور 4 ستمبر کو بارش کا امکان ہے،سندھ کے جنوبی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے،کراچی میں آج شام سے سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال ہوجائیں گی۔

خیبرپختونخوا/پی ڈی ایم اے 

پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں موسلادار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے، خیبر پختونخوا میں گذشتہ روز بارشوں سے مکانات کی چھتیں گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ  مکانات گرنے کے واقعات باجوڑ کے علاقے چمیار میں ہوئے۔

پی ڈی ایم اے  کے مطابق زخمیوں میں ایک خاتون شامل ہے اور بارشوں سے دو گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے،اپر دیر میں کمراٹ پتراک کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تاحال بند ہے۔ جبکہ  کمراٹ روڈ بری کوٹ کے مقام پر کھولنے کے لئے بحالی کا کام جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ صوبے کے بالائی اضلاع میں آج سے خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں داخل ہونگی اور پشاور،ایبٹ آباد ،مانسہرہ ،دیر ،سوات َمردان،چارسدہ ،مہند اور خیبر سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور موسلا دار بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور ارب فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ  پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 این ڈی ایم اے ایڈوائزری

ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ آج سے  شروع ہونے کا امکان ہے، 5 ستمبر جاری  رہنے والی بارش سے نشیبی علاقوں میں طغیانی اربن فلڈنگ کا خدشہ برقرار ہے اور  ملک بھر میں سسٹم کے تحت، شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی بارشوں کا امکان ہے جبکہ   پوٹھوہار سمیت لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد میں ہلکی بارشیں متوقع  ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق  خیبرپختونخوا، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں، پشاور میں ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے اور   بلوچستان کے علاقوں بشمول قلات ڈویژن، کوئٹہ، پشین اور کیرتھر اور کوہ  سلیمان  میں بھی ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ شمالی سندھ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔

 این ڈی ایم اے کے مطابق بارشیں نشیبی علاقوں میں طغیانی،اربن فلڈنگ اور دیگر موسم برسات سے منسلک ممکنہ خطرات  ہے اور   تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اور عوام کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں