ویب ڈیسک : مکیش امبانی نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ میرا خاندان اور میں، نیز انتظامی ٹیم کے دیگر سینئر اراکین، اس عظیم ادارے کے صرف ٹرسٹی ہیں۔ میرے لیے ذاتی یا خاندانی جائیداد کی کوئی اہمیت نہیں۔
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) کے موقع پر کمپنی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے کئی اہم اعلانات کیے۔ ان کی تقریر کے دوران کچھ ایسے لمحات بھی آئے جب وہ ایک فلسفی کے طور پر تقریر کرتے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کی دولت ان کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتی ہے ۔
مکیش امبانی نے کہا کہ “مجھے پختہ یقین ہے کہ میرا خاندان اور میں، نیز انتظامی ٹیم کے دیگر سینئر اراکین، اس عظیم ادارے کے صرف ٹرسٹی ہیں۔ میرے لیے ذاتی یا خاندانی جائیداد کی کوئی اہمیت نہیں۔ جو چیز واقعی معنی رکھتی ہے وہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس قیمتی ادارے کو مضبوط بنیادوں پر اگلی نسل کے حوالے کریں۔ تاکہ وہ ریلائنس کو اور بھی بلندیوں پر لے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپنی پچھلی تقریروں میں میں نے ہمارے فلسفہ اور ان اسکیموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے جن سے ہم اپنے ادارہ جاتی کلچر کو تقویت بخش سکتے ہیں اور اپنے ویلیو سسٹم کو مضبوط بنا سکتے ہیں، خاص طور پر جب ریلائنس اس نسلی تبدیلی کا سامنا کر رہا ہے۔ ہم ان اسکیموں کو پوری لگن کے ساتھ نافذ کر رہے ہیں۔
مکیش امبانی نے کہا کہ جیسے جیسے ریلائنس نئے اور بڑے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے، ہمیں ایک لگاتار بڑھتے ہوئے باصلاحیت لیڈروں کے گروپ کی ضرورت ہوگی۔ ایسے لیڈرس ، جو ہمارے بانی چیئرمین کے مقصد، فلسفے، جنون اور جذبے کے تئیں پوری طرح وقف ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اپنا زیادہ تر وقت اس کام کیلئے دے رہا ہوں، ساتھ ہی ہمارے معزز بورڈ ممبران اور سینئر ساتھی بھی اس کام میں مصروف ہیں۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم نے ان کوششوں میں زبردست پیش رفت کی ہے۔