نیاتوشہ خانہ کیس:عمران خان،بشریٰ بی بی کےجوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

02:49 PM, 2 Sep, 2024

ویب ڈیسک: احتساب عدالت نے نئے توشہ خانہ کیس میں نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16ستمبر تک توسیع کردی ۔

 تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں درخواست ضمانت پرسماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا اور خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے،نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے، بانی پی ٹی آئی عمران خان  اوربشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیاگیا۔

سلمان صفدر نے کہا کہ توشہ خانہ کا نیا ریفرنس پہلے ریفرنس جیسا ہی ہے،ایک ہی طرح کے الزام میں دو ریفرنس نہیں بنائے جا سکتے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے سے مشابہت رکھتا ہے یا  نہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کی درخواست دیدی۔

احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نیب کی جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16ستمبر تک توسیع کردی ۔

یاد رہے کہ نیب پراسیکیوٹر نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ منگوانے کی درخواست دی تھی۔

واضح رہے کہ عدالت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر 6 ستمبر کو سماعت کرے گی۔

مزیدخبریں