مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سابق وزیر اعظم قرار دے دیا
06:20 AM, 3 Apr, 2022
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سابق وزیر اعظم قرار دے دیا . ترجمان مسلم لیگ ن مریم او رنگزیب کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ عمران خان کی قسمت میں اقتدار سے جانا بھی عزت سے نہیں لکھا، آج عمران صاحب کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز ملنے جا رہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے مزید کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اصل میں دھرنا ذہنیت کے لوگ آئینی اور جمہوری طریقے سے گھر جانا نہیں جانتے، آج یوم نجات ہے، عوام کو آٹا،چینی، بجلی، گیس، دوائی، کھاد چور وں سے نجات مبارک۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ان شاءاللہ چند گھنٹے بعد ملک کو جھوٹ، بدتمیزی، کرپشن، انتشار، خلفشار اور نالائقی سے نجات مل جائے گی۔آج عمران صاحب اپنے خیالی قلعوں کی دنیا سے سنگلاخ زمینی حقیقتوں میں آجائیں گے، اور آج عوام آئینی، جمہوری اور پارلیمانی روایات والے پاکستان میں قدم رکھیں گے . ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ سے آنے والی عمران صاحب کی حکومت آج آئینی وجمہوری عمل سے گھر جارہی ہے۔سابق وزیراعظم کو آئین اور جمہوریت کے عمل سے گھر جانے کی تیاری ہو چکی ہے.