سی ٹی ڈی نے اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

04:17 PM, 3 Apr, 2023

احمد علی
کراچی : سی ٹی ڈی نے اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے 3 ملزم گرفتار کرلیے ہیں۔ کراچی میں سی ٹی ڈی نے اسلحے کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔ انچارج سی ٹی ڈی انوسٹی گیشن چودھری سرور کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران مسافر بس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ، اسلحہ پشاور سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران تین ملزموں کوگرفتاربھی کرلیا گیا ہے،جس میں عطا آفریدی ، وصال آفریدی اور یاسرمہمند شامل ہیں ۔برآمد ہونے والے اسلحے میں 1 ایل ایم جی 6 نائن ایم ایم پستول ، 8 تیس بور 1 پین پستول، نائن ایم ایم کی 750 تیس بور 200 گولیاں بھی شامل ہیں،اس کے علاوہ دو بڑے اور 14 چھوٹے پستول کے میگزین بھی برآمد ہوئے ہیں۔ چوہدری صفدر نے کہا کہ کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے کی مدد سے کی گئی، اسلحہ ممکنہ طور پر دہشتگردی کی وارداتوں میں استعمال ہونا تھا، مسافر بس کے ذریعے پشاورسے کراچی اسلحہ منتقل کیا جارہا تھا، اسلحے کی کھیپ کو بس کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا، ملزم یاسر کا بھائی چند روز قبل سکھر پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا، پشاور سے سکھر اسلحے کی منتقلی کی جارہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم وصال سکھر میں منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ میں گرفتار ہوچکا ہے، سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش کی حالیہ دنوں کی دوسری بڑی کارروائی ہے، پہلی کارروائی میں بھی اسلحے کی ترسیل کو ناکام بنایا گیا تھا، ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جار ی ہے۔
مزیدخبریں