پرائیویٹ حج اخراجات 34لاکھ روپےسےبھی بڑھنے کا امکان

09:37 PM, 3 Apr, 2023

احمد علی
اسلام آباد: پرائیویٹ حج پہلے سے بھی مزید مہنگا ہوگیا، مجموعی حج اخراجات 34 لاکھ روپے سے بھی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ سیکریٹری وزارت مذہبی امور آفتاب احمد درانی کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے 12 پیکج مقرر کر دیے ہیں ، پرائیویٹ حج آپریٹرز کا سب سے سستا پیکج 11لاکھ 80 ہزار روپے ہے، پرائیویٹ حج کے لئے سب سے مہنگے پیکج کی حد سوا تین ملین سے زائد مقرر کی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمان کا کہنا ہے کہ طے شدہ سہولیات سے زائد کے خواہش مند عازم حج کو رقم بھی زائد ادا کرنی ہوگی۔ پرائیویٹ حج کرنے والے بعض عازمین حج آخری دنوں میں سعودی عرب جاتے ہیں۔ حج سے چند روز قبل ہوٹل مہنگے ہوتے ہیں، فور اور فائیو اسٹار ہوٹل مزید مہنگے ہو جاتے ہیں۔ ڈاکٹر عطا الرحمان نے کہا ہے کہ کوئی عازم حج فائیو اسٹار ہوٹل میں اکیلا ٹھہرنا چاہے تو حج آپریٹر کو 34 لاکھ سے زائد رقم ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔ آپریٹرز کے ذریعے پرائیویٹ حج کی مانیٹرنگ کے لئے جامع حکمت عملی طے کرلی ہے۔ پرائیویٹ حج کی نگرانی کریں گے تاکہ وعدہ کی گئی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور وعدے کے مطابق سہولیات فراہم کرنے والے پرائیویٹ کو سزائیں دی جائیں گی۔ سزاؤں کے تعین کا وزارت مذہبی امور نے باقاعدہ طریقہ کار طے کر رکھاہے۔ ذرائع کے مطابق رواں برس حج کے لیے پاکستان کا کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار 210ہے۔ حج کوٹہ کا نصف نجی حج سکیم کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 89ہزار 605 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔
مزیدخبریں