لیگی ایم این اے کے بیٹے کی جگہ میٹرک کا امتحان دینے والا نوجوان پکڑا گیا
05:23 PM, 3 Aug, 2021
کامونکی ( پبلک نیوز) میٹرک امتحان میں لیگی ایم این اے کے بیٹے کی جگہ پر پیپر دینے والا نوجوان رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ۔پولیس نے ایم این اے کے بیٹے سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تھانہ سٹی پولیس نے سنٹر سپرنٹنڈنٹ کی مدعیت میں لیگی ایم این اے کے بیٹے فرحان اور خبیب کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ دوسری جانب فیصل آباد میں میٹرک کا پیپر دیتے ہوئے جعلی امیدوار پکڑا گیا۔ تعلیمی بورڈ کے آفیسرز نے امتحانی سینٹر کا اچانک دورہ کرتے ہوئے دوران چیکنگ ریاضی کے پیپر میں محمد ابرار نامی طالب علم کی جگہ پر پیپر دینے والے محمد عقیل کو شناخت کر لیا۔ ملزم کو حوالہ پولیس کر دیا گیا۔ چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد ڈاکٹر طیبہ شاہین کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں میٹرک کے امتحانات جاری ہیں۔ ستیانہ روڈ خانوآنہ میں قائم امتحانی مرکز کا ویلفیئر آفیسر تعلیمی بورڈ ڈاکٹر سردار بابر ڈوگر نے اچانک دورہ کیا اور دوران چیکنگ ریاضی کا پیپر دینے والے جعلی امیدوار کو پکڑ لیا۔ ملزم محمد عقیل جو رول نمبر سلپ 543900 کے مطابق طالب علم محمد ابرار کی جگہ پر پیپر دے رہا تھا، اس کی تصویر کے ساتھ میچ کی گئی تو وہ شناخت نہ ہو سکی جس پر تعلیمی بورڈ کے آفیسر نے اس سے سختی سے دریافت کیا تو ملزم نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔ ملزم نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ اس کو پیپر دینے کے بدلے میں محمد ابرار کے والد کی جانب سے مبینہ طور پر 20 ہزار روپے دیئے گئے تھے اور اس بات کی یقین دہانی بھی کروائی گئی تھی کہ تمہیں کسی طرح کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔ تعلیمی بورڈ آفیسرز نے ملزم کو حوالہ پولیس کرتے ہوئے امتحانی مرکز کے سپریٹنڈنٹ کی غیر ذمہ داری پر اس کی سرزنش بھی کی ہے اور اس بات کی یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔