عمران خان کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ رجوع کرنے کا فیصلہ

12:59 PM, 3 Aug, 2022

احمد علی
حکومت نے عمران خان کی نا اہلی کے لئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ملوث عمران خان اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، عمران خان کی نااہلی کے لئے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جائے گا، عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں شامل کرانے پر بھی اتفاق ہو گیا، منظوری وفاقی کابینہ کل دے گی۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریڈ زون میں تحریک انصاف سمیت کسی بھی جماعت کو احتجاج نہیں کرنے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دن میں پی ٹی آئی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے خلاف آپریشن کلین شروع ہونے کا امکان ہے۔ عمران خان کے ساتھیوں کی گرفتاری ہوگی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی 12 نکاتی چارج شیٹ کے تحت وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ ادارے کارروائی کرسکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مرکزی فنانس بورڈ کے 6 ارکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہوگی جن میں عامر کیانی، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر ہمایوں مہمند، کرنل (ر) یونس علی رضا، طارق شیخ، سردار اظہر طارق خان شامل ہیں۔
مزیدخبریں