مریم نواز کی جنرل ہسپتال آمد، زیر علاج تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی عیادت کی

07:13 PM, 3 Aug, 2023

احمد علی
لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے جنرل ہسپتال میں زیر علاج تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز تشدد کا شکار ملازمہ رضوانہ کی عیادت کیلئے جنرل ہسپتال پہنچیں ،بچی کی عیادت و خیریت دریافت کی۔ ڈاکٹروں نے مریم نواز کو رضوانہ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹروں کے مطابق گھریلو ملازمہ رضوانہ کی صحت بہتر ہونے لگی، ڈاکٹروں نے مصنوعی آکسیجن کی سپلائی کم کر دی، پلیٹلیٹس بھی 12 ہزار سے بڑھ کر 80 ہزار سے زیادہ ہو گئے ہیں، بچی کی حالت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے۔ اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ رضوانہ سے مل کر احساس ہوا کہ اس پر بیہمانہ تشدد کیا گیا ہے، ایسی کئی رضوانہ ہیں جو خوف و ڈر کے باعث خود پر ہونے والے مظالم بیان نہیں کرپاتی،رضوانہ کیس کے ملزموں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ کم عمر گھریلو ملازمین کے حوالے سے قوانین موجود ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے رضوانہ کی یہ حالت ہوئی، انہوں نے حکومت و عدلیہ سے ملزموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے ہمارا اور پاکستان کا مستقبل ہیں اس لئے ان کی تعلیم وتربیت اور حفاظت ہماری اور ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
مزیدخبریں