بارشیں ہی بارشیں،محکمہ موسمیات نے خطرےکی گھنٹی بجادی

10:50 AM, 3 Aug, 2024

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں سندھ سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی جبکہ برساتی و ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخو پورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا بھی اندیشہ ہے۔

سندھ کے نشیبی علاقے بھی زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق ہفتے کوسندھ، شمال مشرقی اور جنوب مشرقی بلوچستان،کشمیر، پنجاب ، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش کا امکان ہے۔

سندھ، جنوب مشرقی بلوچستان، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبر پختونحوا اور کشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 3 اور 4 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، بنوں، کرم، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اسی طرح کزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر کے مقامی بر ساتی ندی نالوں اور ڈیر غازی خان، قلات، خضدار، بارکھان، لسبیلہ، ژوب، لورالائی، سبی، ہرنائی، آواران، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، نصیر آباد، موسیٰ خیل اور جعفر آباد میں مقامی بر ساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔

خیبرپختونخوا/موسم

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،چترال،دیر،سوات،مالاکنڈ،شانگلہ اور کوہستان میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،مانسہرہ،ایبٹ آباد،بونیر،باجوڑ،مہنمد،صوابی،چارسدہ اور پشاور میں بھی کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش دیر میں51ملی میٹر ریکارڈہوئی اور تخت بائی29،پاراچنار28،کاکول23،بالاکوٹ20،رسالپور12،مالم جبہ10ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ تیمرگرہ اورسیدوشریف میں ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات  کے مطابق چترال میں 31,تحت بھائی 34,تیمرگرہ 36,دیر 34اور سیدو شریف میں 33سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت ریکارڈ کی گئی ہے،پشاور میں زیادہ سے زیادہ 33اور کم سے کم 29 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیاہے۔

خان پور

خان پور اور اسکے گردونواح  میں رات گئے ہلکی بارش سےموسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں کمی آئی۔زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ  بارش سے کماد کی فصل کو فوائد ہونگے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔

سنجاوی 

سنجاوی اور گرادنوح میں رات کو ہونے والے تیز بارش  سےنشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش سنجاوی پہاڑی علاقوں سے سیلابی ریلے  آنے سے متعدد سڑکیں بند  ہوگئیں،رابطہ سڑکیں بند ہو نے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا  ہے  جبکہ وادی شیرین ۔چوتیر۔ بیٹے تیرے ۔ تند وانی سے سیلابی ریلے وچ ونی ڈیم میں داخل  ہوگیا ہے اور سنجاوی کے چوتیر شدید بارش کچ مکان منہدم ہو گیا ہے جبکہ مکان منہدم ہو سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کراچی/موسم

 شہر قائد کراچی میں مون سون کا نیا سپیل برسنے کی پیشگوئی کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ پر اثر انداز ہو رہا ہے، آج بھی کراچی کےمضافات میں بارش کا امکان ہے جبکہ شہر میں کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج سے 6 اگست کے دوران کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، اس دوران کراچی میں چند مقامات پر درمیانی سے موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے تاہم آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27.5 اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ شہر میں اس وقت جنوب مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

بختیارآباد

بختیارآباد میں  ایک شخص سیلابی ریلہ کی نذر ہوگیا،لہڑی کے علاقے کنڈی واہ کے نزدیک ایک شخص سیلابی ریلہ میں بہہ گیا۔سیلابی ریلہ کی نذر ہونے والے شخص کی شناخت 25 سالہ امداد علی ڈومکی کے نام سے ہوئی۔امداد علی ڈومکی  کنڈی واہ کے رہائشی تھے۔سیلابی ریلہ کی نذر ہونے والے شخص کو تاحال تلاش نہ کیا جا سکا۔

پی ڈی ایم اے 

ترجمان پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں۔مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 6 اگست تک جاری رہے گا۔پنجاب کے تمام دریاؤں اور بیراجز میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔

پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ رودکوہیوں میں اگلے 48 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے ۔ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 61 فیصد، تربیلا میں 81 فیصد ہے۔

عرفان علی کاٹھیا  نے مزید کہا کہ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 43 فیصد تک ہے۔پی ڈی ایم اے کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔عوام الناس سے التماس ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا  نے کہا کہ بجلی کی تاروں اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کریں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

مزیدخبریں