غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس،پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

02:42 PM, 3 Aug, 2024

ویب ڈیسک: غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشتگردی کا درج مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

رؤف حسن کے وکیل علی بخاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جج طاہر عباس سپرا نے پراسکیوٹر سے استفسار  کیا کہ گزشتہ سماعت پر جو ریمانڈ کی درخواست دی تھی اسی کی دوبارہ کاپی نکال لی،کچھ تبدیلی کرلیتے،بات ٹی ٹی پی تک رکی ہوئی یا آگے بڑھی ہے۔

پراسکیوٹر  نے کہا کہ آگے تفتیش کرنی ہے۔

وکیل علی بخاری  نے کہا کہ گزشتہ سماعت کے آرڈر پر ایک بات کرنا چاہوں گا،اگر اکاؤنٹس کی تفصیلات جاننی تھی تو وہ آن لائن چیک کیا جا سکتا تھا۔

جج طاہر عباس سپرا  نے ریمارکس دیئے کہ سینیئر وکیل ہونے کے ناطے آپ کو آرڈر پر اعتراض ادھر نہیں کرنا چاہیے، ہائیکورٹ جانا چاہیے، رؤف حسن کی سی ڈی آر ، بنک ٹرانسفر یا کوئی ملاقات کی تفصیل نکالی ہے۔

سی ٹی ڈی نے رؤف حسن کے 7 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

علی بخاری ایڈوکیٹ نے رؤف حسن کو میڈیکل بنیاد پر ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دائر کردی  اور کہا کہ رؤف حسن کی میڈیکل حالت اس قابل نہیں کہ وہ جیل میں رہ سکیں ، ہسپتال منتقل کیا جائے، رؤف حسن بی کلاس کے حق دار ہیں۔

عدالت نے سپرینڈینٹ اڈیالہ جیل کو میڈیکل چیک آپ کرانے کی ہدایت کردی اور حکم دیا کہ سپرینڈینٹ اڈیالہ جیل روف حسن کے میڈیکل چیک اپ کے لیے پراپر انتظامات کرے ۔

عدالت نے رؤف حسن کا مزید 7 روز کا جسمانی ریمانڈ دینے کی محکمہ سی ٹی ڈی کی استدعا مسترد کردی۔

بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے رہنما پی ٹی آئی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دِہشتگردی عدالت نے بارود مواد برآمدگی کیس میں رؤف حسن کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے رہنما پی ٹی آئی روف حسن و دیگر ملزمان کے خلاف پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج مقدمے میں ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست منظور کرلی تھی۔

25 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے رہنما پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن و دیگر9 ملزمان کے خلاف پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

23 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے حوالے کردیا تھا۔

22 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کر لیا تھا۔

اس سے قبل شبلی فراز نے دعویٰ کیا تھا کہ پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور رہنما رؤف حسن دونوں کو گرفتار کرلیا لیکن پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ کس کیس میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں