عمران خان اوربشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس:فرد جرم کی کارروائی ایک بارپھرموخر

02:09 PM, 3 Dec, 2024

ویب ڈیسک:عدالت نے عمران خان اوربشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔

تفصیلا ت کے مطابق اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند نے کی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔بشری بی بی کی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔

وفاقی پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے استثنی درخواست کی مخالفت کی گئی۔پراسیکیوشن ٹیم نے عدالت سے بشری بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استداء کردی۔بشری بی بی عدالت میں پیش نہ ہوکر فرد جرم کی کاروائی کو تاخیر کا شکار کررہی ہے،عدالت ملزمہ کے کنڈکٹ کو دیکھے جو گزشتہ کئی سماعتوں سے پیش نہیں ہورہیں۔ 

وکیل صفائی سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی پر 19 نئے مقدمات درج ہوچکے ہیں، بشریٰ بی بی نئے درج ہونے والے مقدمات پر ضمانت حاصل کرنے پشاور ہائیکورٹ گئی ہیں۔ بشریٰ بی بی نے پشاور میں عدالت کے سامنے سرنڈر کردیا ہے۔

سلمان صفدر نے مزید کہا کہ عدالت مقدمے کی سماعت پیر تک ملتوی کردے۔یقین دہانی کرواتے ہیں کہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوجائیں گی۔

اسپشل پبلک پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہورہیں۔ استدعا ہے کہ بشریٰ بی بی کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے بشری بی بی کو پیش ہونے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں