صدر جو بائیڈن مزید افراد کو صدارتی معافی دینگے، وائٹ ہاؤس

04:19 PM, 3 Dec, 2024

 ویب ڈیسک :امریکا کے صدر جو بائیڈن کی جانب سے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو مختلف کیسوں میں معافی دینے کے ایک دن بعد وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر آئندہ ماہ اپنا عہدہ چھوڑنے سے قبل مزید افراد کو معافی دے سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرن جین پیئر نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ صدر بائیڈن مزید افراد کو صدارتی معافی دینے کے عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی ٹائم لائن نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ’’آپ مزید اعلانات کی توقع کر سکتے ہیں۔‘‘

صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو رواں ماہ اسلحہ رکھنے کے لے وفاقی قانون کی خلاف ورزی اور ٹیکسوں کے کیسز میں سزا سنائی جانی تھی۔ سزا کی صورت میں انہیں کئی برس قید ہو سکتی تھی۔

ہنٹر بائیڈن ٹیکسوں کی ادائیگی کے کیس میں نو الزامات کو تسلیم کر چکے ہیں۔ اس کیس میں ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 14 لاکھ امریکی ڈالر کے ٹیکس ادا نہیں کیے تھے۔

جو بائیڈن امریکہ میں صدارتی الیکشن سے قبل کئی ماہ تک کہتے رہے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کو معاف کرنے کے لیے صدارتی اختیار استعمال نہیں کریں گے۔ تاہم گزشتہ روز انہوں نے صدارتی اختیار استعمال کرتے ہوئے اپنے 54 سالہ بیٹے ہنٹر بائیڈن کو معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مزیدخبریں