نوشکی پنجگور میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام، متعدد جہنم واصل
06:22 AM, 3 Feb, 2022
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں فرنٹئیر کانسٹیبلری ( ایف سی) کے دفاتر پر دہشتگردوں کے حملے پاک فوج کے جوانوں نے ناکام بنا دیئے ہیں۔ بلوچستان کے اضلاع نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیوں میں تیرہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پنجگور اور نوشکی میں دہشت گردوں کے حملوں کو کامیابی سے پسپا کرنے کے بعد علاقے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا ۔سیکورٹی فورسز نے نوشکی میں نودہشت گردوں سے مقابلہ کرکے انھیں ہلاک کردیا حملے کو پسپاکرتے ہوئے ایک افسر سمیت چار بہادر فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا ۔ پنجگور میں سیکورٹی فورسز چار دہشت گردوں کو ہلاک کرچکی ہیں جبکہ مفروردہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔شدید لڑائی کے دوران تین فوجی شہید اور چار زخمی ہوئے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق خفیہ اداروں نے افغانستان اوربھارت میں دہشت گردوں اوران کی پشت پناہی کرنے والوں کے درمیان رابطوں کو ناکام بنایا ۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردوں کے حملے ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ قوم کے تحفظ کے لئے سیکیورٹی فورسز مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔ وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجگور میں دھماکا فرنٹیئر کور کے کیمپ کے قریب ہوا۔ نوشکی میں آپریشن کلین اپ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے سامنے سینہ سپر ہیں۔ دہشت گردوں کے تمام عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ چند دن قبل بلوچستان کے علاقے کیچ میں 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب دہشتگردوں کے حملے میں 10 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی۔ نوشکی کوئٹہ شہر سے تقریباً 150 کلومیٹر دور مغرب میں واقع ہے اور ضلع نوشکی کی سرحد شمال میں افغانستان سے لگتی ہے۔ دوسری جانب پنجگور صوبہ بلوچستان کے جنوبی حصے میں واقع ہے، جہاں سے ایران کی سرحد 100 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر ہے جبکہ یہ کوئٹہ سے 500 کلومیٹر دور ہے۔