پاکستان ہمارا سٹریٹجک پارٹنر، تعلقات انتہائی اہم ہیں: امریکا

08:22 AM, 3 Feb, 2022

Rana Shahzad
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پاکستان کو سٹریٹجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے تعلقات اہم ہیں، ہم پاکستان سے متعدد شعبوں میں قائم تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ یہ اہم بات انہوں نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان سے کئی شعبوں میں تعقلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ ہمارے حکومت پاکستان سے اہم تعلقات ہیں۔ پاکستان امریکا کا سٹریٹجک پارٹنر ہے۔ نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ طالبان کو چاہیے کہ وہ افغان عوام کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے۔ اس کے علاوہ انھیں وعدوں کی پاسداری بھی کرنا چاہیے۔ طالبان افغانستان چھوڑنے کے خواہشمند شہریوں کو نقل وحرکت کی آزادی اور محفوظ راستہ دیں۔ افغانستان سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ہم افغان عوام کی مدد کر رہے ہیں لیکن مختلف طریقوں سے۔ ہم ان کی حمایت اور انسانی ضروریات پوری کرنے میں بھی ساتھ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر ہم بہت سے ممالک کے ساتھ فعال کام کر رہے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ یوکرائن پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترکی ہمارا اہم نیٹو اتحادی ہے۔ یوکرائن سے یکجہتی کرنیوالوں کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ یمن تنازعے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کا واحد راستہ سفارتی حل ہے جبکہ ایران کے ایٹمی پروگرام میں پیشرفت پر امریکا کو گہری تشویش ہے۔ ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا دفاع مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دونوں ملکوں کیساتھ دفاعی تعاون، تجارت اور تربیت کا کام کر رہے ہیں۔
مزیدخبریں