'نہیں ہو سکتا کہ 2 اسمبلیوں میں الیکشن پرانی، باقی نئی مردم شماری پر ہوں'
04:12 PM, 3 Feb, 2023
مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مردم شماری شروع ہوگئی ہے، 30 اپریل کو نتائج بھی شائع ہوجائیں گے۔ یہ نہیں ہو سکتا کہ 2 اسمبلیوں میں الیکشن پرانی اور باقی نئی مردم شماری پر ہوں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمارا عمران خان سمیت کسی کو گرفتار کرنے کا ارادہ نہیں، کسی نے جرم کیا ہے تو گرفت میں آنا چاہئے قانون آزاد ہے۔ اتحادی حکومت کا کوئی بھی انتقامی ایجنڈا نہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت سی سی آئی کا اجلاس اپریل 2021 میں ہوا تھا، مشترکہ مفادات کونسل نے آئندہ الیکشن نئی مردم شماری پر کرانے کا فیصلہ کیا، اس وقت طے ہوا کہ جب بھی الیکشن ہوگا نئی مردم شماری پر ہو گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ مردم شماری پر صوبہ سندھ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مردم شماری شروع ہوگئی ہے، 30 اپریل کو نتائج بھی شائع ہوجائیں گے۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ 2 اسمبلیوں میں الیکشن پرانی اور باقی نئی مردم شماری پر ہوں۔ آئین میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن بیک وقت ہونا درج ہے، ایسی صورت میں الیکشن کے نتائج کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔