مارک زکر برگ کی موت کا خدشہ

05:19 PM, 3 Feb, 2024

ویب ڈسک: فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے اپنے  چیف ایگزیکٹیو  آفیسر (سی ای او)   مارک زکر برگ کی موت کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

 غیر ملکی خبر  رساں ادارے کا کہنا ہے کہ  میٹا نے گذشتہ ہفتے جاری کی گئی فنانشل رپورٹ  میں زکر برگ سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او  میٹا کی خطروں سے بھری سرگرمیاں ان کی موت کا سبب بن سکتی ہیں، مارک زکر برگ ان ہی سرگرمیوں کے باعث اپنی ٹانگ بھی تڑوا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل مارک زکربرگ کو مارشل آرٹس کی ٹریننگ کے دوران گُھٹنے پر شدید چوٹ آئی تھی جس کے بعد انہیں سرجری بھی کروانا پڑی تھی۔

تاہم اب اس حوالے سے میٹا کی تازہ ترین فنانشل رپورٹ میں سی ای او مارک زکربرگ کے خطروں سے بھری سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا  گیا ہے کہ مارک زکر برگ کمپنی کے لیے ممکنہ خطرہ بن سکتے ہیں، ان کا لائف اسٹائل کمپنی کیلئے پریشانی کا باعث ہے۔

میٹا کے مطابق  زکر برگ کے خطروں سے بھرپور مشاغل  مثلاًمکسڈ مارشل آرٹس (MMA)، ایکسٹریم اسپورٹس ایک ذاتی چوائسز نہیں بلکہ میٹا اور اس کے سرمایہ کاروں کے لیے خطرے کا سبب ہیں۔

 شائع کی گئی سالانہ رپورٹ میں میٹا نے  نشاندہی کی  ہے کہ مارک زکر برگ سمیت  انتظامیہ کے متعدد ارکان خطروں سے بھری سرگرمیوں کا حصہ ہیں، تفریح کی غرض سے منتخب جنگی کھیل یہاں تک کہ تفریحی ہوا بازی جیسی سرگرمیاں ان کیلئے سنگین چوٹ یا پھر موت کا باعث بن سکتی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زکر برگ یا انتظامیہ کا کسی بھی وجہ کی بنا پر دستیاب نہ ہونا کمپنی پر منفی اثر مرتب کر سکتا ہے۔

مارک زکربرگ کی سرگرمیوں سے متعلق   پائے جانے والے ممکنہ خطرات کے باوجود میٹا نے اپنی رپورٹ میں  گزشتہ برس کے چوتھے سہ ماہی  کے دوران  3 گنا منافع کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں