لیونل میسی کورونا وائرس میں مبتلا، خود کو آئسولیٹ کرلیا

04:35 AM, 3 Jan, 2022

Rana Shahzad
بیونس آئرس: (ویب ڈیسک) ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر لیونل میسی بھی عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔ خبریں ہیں کہ لیونل میسی ان دنوں ارجنٹائن میں ہیں۔ وہاں ان میں بیماری کی علامات ظاہر ہوئیں۔ ٹیسٹ کروانے پر ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ میسی کے علاوہ پیرس سینٹ جرمین کلب کے دیگر 3 کھلاڑی وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ ٹیم کا فرنچ کپ میں وینز کیخلاف میچ سے قبل ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ اس بات کی تصدیق کلب کے کوچ ماریشیو پوچٹینو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل لیونل میسی کیساتھ رابطے میں ہیں۔ کورونا سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد امید ہے کہ وہ فرانس واپس آ کر ٹیم کو جلد از جلد جوائن کر لیں گے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ پیریس سینٹ جرمین میں شامل ہونے کے بعد سے ہی لیونل میسی کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اب تک گیارہ میچوں میں صرف ایک ہی گول کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ تاہم چیمپیئنز لیگ میں وہ 5 گول کر چکے ہیں۔ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے لیونل میسی آج میچ میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ کورونا وائرس کا شکار بننے والے دیگر کھلاڑیوں میں مڈفیلڈر نیتھن بیٹومزالا، متبادل گول کیپر سرجیو ریکو اور جوآن برنیٹ شامل ہیں۔ یہ تین کھلاڑی اس وقت قرنطینہ میں ہیں اور ٹیسٹ نیگیٹو آنے تک انھیں آبزرویشن میں ہی رکھا جائے گا۔ کلب کوچ کا کہنا تھا کہ ہم تقریباً دو سالوں سے کورونا کیساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں، یہ بات ہر کسی کے علم میں ہے کہ اس سے بچنے کیلئے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیں، لیکن پھر بھی ہم اس میں مبتلا ہو جائیں تو اس وبا کو کیسے کنٹرول کریں گے؟
مزیدخبریں