محب مرزا کے ساتھ ویڈیو شیئر کرنے پر صنم سعید کی شادی کی افواہیں
07:16 AM, 3 Jan, 2023
پاکستان کے معروف اداکار محب مرزا اور پاکستانی اداکارہ صنم سعید کی شادی کی افواہیں گذشتہ ڈیڑھ سال سے سامنے آرہی ہیں اور اب صنم کی جانب سے اداکار کے ہمراہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد سے ایک بار پھر ان کی شادی کی خبروں کے چرچے ہونے لگے ہیں ۔ اداکارہ صنم سعید نے سال 2022 کے اختتام اور 2023 کے آغاز پر فوٹو اینڈ ویڈیو شیرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک مختصر سی ویڈیو شیئر کی ہے ، جس ویڈیو میں انہوں نے سال بھر کی کہانی کو پیش کیا ہے ۔ مذکورہ ویڈیو میں اداکارہ کو مختلف افراد کے ساتھ مختلف علاقوں اور مقامات کی سیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ویڈیو میں اپنی فلم ’عشرت میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ اور مناظر کی تصویریں بھی شیئر کیں ہیں ، جس میں ان کے ہمراہ اداکار محب مرزا بھی دکھائی دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ انہوں نے محب مرزا کے ہمراہ سیر سپاٹوں کی رومانوی تصاویر کو بھی ویڈیو کا حصہ بنایا ہے ، جس پر ان کی شادی کی چہ مگویاں شروع ہو گئی ہیں ۔ اگرچہ صنم نے کیپشن میں رشتے یا شادی سے متعلق کوئی بھی بات نہیں لکھی ہے ، تاہم اس کے باوجود سوشل میڈیا صارفین نے ان کی ویڈیو پر کمنٹس کیے ہیں کہ اب انہیں محب مرزا کے ساتھ شادی کا اعلان کرلینا چاہیے ۔ لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ صنم سعید اور محب مرزا کی شادی کافی عرصہ قبل ہی ہو چکی ہے، جس کا اب دونوں کو اعلان کر ہی لینا چاہئیے ۔ بعض لوگوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں رومانوی جوڑا قرار دیا اور ساتھ ہی یہ فرمائش بھی کی کہ وہ اپنی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کریں ۔ زیادہ تر لوگوں نے انہیں خوبصورت جوڑا قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی دعوے کیے کہ دونوں نے شادی کرلی ہے۔ دوسری جانب ایک نجی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ محب مرزا نے کامیڈی ٹاک شو میں بات کرتے ہوئے پہلے مبہم انداز میں شادی کی تصدیق کی اور بعد ازاں یہ کہا کہ ان کی شادی ہوگئی اور اب وہ زندگی میں اکیلے نہیں رہے۔ محب مرزا اور صنم سعید کی شادی کی افواہیں اس وقت سے جاری ہیں، جب دونوں کو ’عشرت، میڈ ان چائنا‘ فلم کی شوٹنگ اور تشہیر کے درمیان ایک ساتھ دیکھا گیا ہے ۔ مذکورہ فلم میں دونوں ایک ساتھ کام کرنے کے بعد مبہم انداز میں شادی اور تعلقات پر بھی بات کرتے دکھائی دیے ہیں مگر انہوں نے اپنے تعلقات اور شادی سے متعلق کوئی واضح بات نہیں کی ہے ۔ دونوں کی شادی کی افواہیں جون 2021 میں اس وقت پھیلی تھیں کہ جب گلیکسی لولی وڈ نامی شوبز یوٹیوب چینل کے ایک شو ’واٹس دی 411‘ کے میزبانوں نے دونوں کے درمیان تعلقات کا دعویٰ کر دیا تھا۔ بعد ازاں دونوں کی رومانوی انداز میں تصاویر دسمبر 2021 میں وائرل ہونے کے بعد پھر سے چہ مگوئیاں ہوئی تھیں کہ دونوں نے خفیہ طور پر شادی کرلی ہے اور اب صرف اعلان باقی رہ گیا ہے۔