صالح العروری کی ڈرون حملے میں شہادت، اسرائیل ہائی الرٹ
06:05 PM, 3 Jan, 2024
لبنان کے شہر بیروت میں حماس کے اعلیٰ عہدیدار صالح العروری کی ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد اسرائیل حملوں کے لیے ہائی الرٹ ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے کہا کہ "ہم کسی بھی منظر نامے کے لیے انتہائی تیار ہیں"۔ خیال رہے کہ العروری حماس کے اعلیٰ سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے نائب تھے اور اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں گروپ کی موجودگی کی سربراہی کرتے تھے۔ خیال رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے انہیں "دہشت گرد" کی فہرست میں شامل کر رکھا تھا اور اس کے بارے میں معلومات دینے پر 50 لاکھ ڈالر کا انعام بھی تھا۔ ادھرحزب اللہ کا کہنا ہے کہ صالح العروری کے قتل کی سزا دی جائے گی۔ حزب اللہ نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے کے مرکز میں العروری اور حماس کے چھ دیگر ارکان کے قتل کو " لبنان پر خطرناک حملہ" قرار دیتے ہوئے مذمت کی۔ انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے دوران ٹارگٹ کلنگ ایک خطرناک پیش رفت ہے۔