آرمی چیف کی معاشی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات کی حمایت کیلئے فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی
09:45 PM, 3 Jan, 2024
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔ تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا آٹھ واں اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔ مختلف وفاقی وزارتوں نے کلیدی شعبوں میں منصوبوں پر پیش رفت اور متوقع سرمایہ کاری کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ کمیٹی نے SIFC کے تحت مختلف شعبوں میں حاصل ہونے والی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے سعودی عرب اور قطر کے ساتھ دوطرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات اور کویت کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں اور فریم ورک معاہدوں پر دستخط سمیت دوست ممالک کے ساتھ معاشی روابط میں اضافہ کو سراہا۔ فورم نے ان مفاہمتی یادداشتوں کو تیز رفتاری سے معاشی حقیقت میں تبدیل کرنے کی ہدایات دیں۔ کمیٹی نے نجکاری پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور مختلف اہم اہداف کی بروقت تکمیل میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون کو سراہا اور رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے ہدایات دیں۔ کمیٹی نے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ڈومیسٹک ڈسپیوٹ ریزولیوشن کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے سمیت سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف پالیسی سازی کی منظوری دی۔ کمیٹی نے سرمایہ کاروں کو خاص طور پر ملک کے دور دراز علاقوں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی کو تیز کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا۔ کمیٹی نے معیشت کے اہم شعبوں میں ابھرتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انسانی وسائل کی ترقی کے لیے جاری شمولیتی نقطہء نظر کو سراہا۔ کمیٹی نے اسمگلروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ آرمی چیف سید عاصم منیر نے ملک کی معاشی بحالی کے لیے حکومتی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ SIFC کے مختلف اقدامات کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھائیں تاکہ مقررہ مدت کے اندر ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔