’افغانستان سے امریکی انخلاء کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا‘

08:11 AM, 3 Jul, 2021

حسان عبداللہ

اسلام‌آباد(پبلک نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلاء کا فیصلہ عجلت میں کیا گیا، نتائج ہمیں بھگتنا پڑیں گے.

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں امریکا سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، اڈے نہیں دیں گے، پوری کوشش ہے افغانستان کے اندر ہونے والی کسی لڑائی کا حصہ نہ بنیں، ہم امن میں شراکت دار رہیں گے لیکن تنازع میں حصہ دار نہیں بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افغانستان میں ہمیشہ بندوق نے ہی فیصلہ کیا ہے کہ کابل پر حکمرانی کون کریگا۔ ابھی ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ یہ سلسلہ رُکے اور افغان طالبان اور کابل حکومت کے درمیان ایک ایسا راستہ نکلے جس پر دونوں فریق متفق ہو جائے۔ واضح رہے کہ امریکا نے رواں برس 11 ستمبر تک افغانستان سے تمام غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا اور آج افغانستان کی سب سے بڑی امریکی بگرام ایئر بیس کو خالی کرکے حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ادھر افغانستان میں طالبان نے کئی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے اپنی حکومت قائم کرلی ہے جب کہ افغان فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے کئی شہروں سے طالبان کو پسپا ہونے پر مجبور کردیا ہے۔

مزیدخبریں