قریبی دوست نے عامر خان اور دوسری بیوی میں علیحدگی کی اصل وجہ بتا دی
07:15 PM, 3 Jul, 2021
ویب ڈیسک: بالی وڈ کی ایک اور اہم جوڑی ٹوٹ گئی۔ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور دوسری اہلیہ کرن راؤ کے مابین 15 برس کی رفاقت ختم ہو گئی۔ اس حوالے سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مگر حقیقت کیا ہے، اس حوالے سے عامر خان کے انتہائی قریبی دوست امین حاجی نے کئی انکشافات کیے ہیں۔ انھوں نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ دونوں کے بیچ اختلافات کا آغاز لاک ڈاؤن میں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا اندازہ نہیں۔ کیونکہ اختلافات اور علیحدگی میں بہت فرق ہے۔ جب اختلافات کا پتہ چلا تو مجھے دکھ ہوا تھا اب علیحدگی سن کر تو شدید تکلیف میں ہوں۔ میں درخواست کی تھی کہ علیحدگی اختیار نہ کریں۔ امین حاجی نے مزید بتایا کہ یہ فیصلہ انتہائی ذاتی نوعیت کا ہے۔ ممکن ہے کام کی وجہ سے عامر گھر پہ وقت نہیں دے پاتے۔ جس وجہ سے یہ نوبت آئی ہو۔ کسی دوسری اداکارہ کی وجہ سے شادی ٹوٹنے کی میں مکمل طور پہ تردید کرتا ہوں کیونکہ اگر ایسا ہوتا تو سب سے پہلے مجھے پتا ہوتا۔ خیال رہے کہ عامر خان اور کرن راؤ کا 9 سال کا ایک بیٹا بھی ہے جن کا نام آزاد راؤ خان ہے۔ جبکہ امین حاجی 20 برس سے عامر خان کے ساتھ لگان، منگل پانڈے سمیت متعدد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔