وزیر اعظم کا بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار
02:07 PM, 3 Jul, 2022
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمّد شہباز شریف نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمّد شہباز شریف نے ژوب کے قریب اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاں پر گہرے الم کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے حادثے میں زخمی افراد کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افراد کے علاج میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع شیرانی کے قریب بس حادثے میں 19 افراد جاں بحق ہوگئے تھے.اسسٹنٹ کمشنرشیرانی کا کہنا ہے کہ مسافر بس راولپنڈی سےکوئٹہ جارہی تھی کہ خیبرپختونخوا کی حدود میں کھائی میں جاگری اور حادثے میں 12 افراد زخمی اور 19 افراد جاں بحق ہوگئے۔