ویب ڈیسک: (علی زیدی) پاکستان کی صف اول کی گلوکارہ اور اداکارہ کومل رضوی ویسے تو کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں لیکن ان کی وجہ شہرت آج کل منشیات بھی بن رہی ہیں۔ ایک ویڈیو کی وجہ سے ان پر مبینہ طور پر نشہ کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
گلوکاری کے ساتھ اداکاری کی دنیا میں بھی نام کمانے والی اداکارہ کومل رضوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ جاری کی جس میں انہیں بیرون ملک پرفارم کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو سان فرانسسکو کی ایک نجی تقریب میں پرفارم کرتے ریکارڈ کی گئی جس میں گلوکارہ کومل رضوی کو بے ڈھنگے انداز میں گاتے دیکھا گیا۔
ویڈیو کا منظرِ عام پر آنا ہی تھا کہ گلوکارہ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا، سوشل میڈیا صارفین نے کومل کے اس انداز پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ،’کومل نے اپنا معیار گرادیا ہے۔’
جبکہ کئی صارفین نے ان پر نشے میں دھت ہوکر پرفارم کرنے کے الزامات بھی لگادیے۔
واضح رہے کہ کومل رضوی نے شادی کے 4 سال بعد 2019 میں اپنے پہلےشوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ جس کے بعد اداکارہ ملین ڈالر کمپنی کے سی ای او اور شریک بانی ایس علی اُپل کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔
علاوہ ازیں کومل رضوی ان دنوں امریکا میں مقیم ہیں اور اپنا بیوٹی برانڈ بھی چلا رہی ہیں۔ جبکہ وہ خواتین کے حقوق کے لیے بھی آواز بلند کرتی نظر آتی ہیں۔
مزید برآں وہ دیگر فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں اور ان مقاصد کے لیے اپنے سوشل میڈیاپلیٹ فارم کا استعمال کرتی ہیں۔