موٹرسائیکل پر دنیا کا سفر کرنیوالا کم عمر ترین جوڑا، تعلق کونسے ملک سے؟

09:00 PM, 3 Jul, 2024

(ویب ڈیسک) اولیور عرف اولی گیمبلین (برطانیہ سے) اور لیوی شکول (جرمنی سے) نے اکٹھے 5 براعظموں کے 39 ممالک کا دورہ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر کیا۔

اس سفر کے دوران انہوں نے 589 دنوں تک 46 ہزار 705 میل کا فاصلہ طے کیا اور اس طرح موٹر سائیکل پر دنیا کے سفر کرنے والے کم عمر ترین جوڑے کا ریکارڈ قائم کر دیا،ابھی ان کی عمر 33 اور 35 سال ہے مگر ان کا یہ ایڈونچر جب اختتام پذیر ہوا تھا تو ان کی عمر 32 اور 34 سال تھی،ان دونوں کی ملاقات 2017 میں آسٹریلیا میں ایک فارم پر کام کرنے کے دوران ہوئی تھی اور پھر اس کے کچھ عرصے بعد انہوں نے اکٹھے سفر شروع کر دیا۔

بہت جلد انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کیا تاکہ موٹر سائیکل پر دنیا کی سیر کرنے والے کم عمر ترین جوڑے کا عالمی ریکارڈ بنا سکیں،اس مقصد کے لیے انہیں چند شرائط کو پورا کرنا تھا، جیسے ان کے سفر کا آغاز اور اختتام ایک مقام پر ہونا تھا، جبکہ انہیں ایک ہی سمت میں مسلسل سفر کرنا تھا۔

اس ریکارڈ کے لیے انہوں نے قرضے پر ایک موٹر سائیکل حاصل کی مگر کووڈ 19 کی وبا کے باعث ان کا سفر تاخیر کا شکار ہوگیا،اپریل 2022 میں انہوں نے جنوب مغربی لندن کے ایک کیفے سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔

اولیور گیمبلین کے مطابق اس وقت تمام ممالک کی سرحدیں کھلی ہوئی نہیں تھیں مگر انہوں نے ایسے ممالک کا تعین کیا جہاں جانا ممکن تھا،یوکرین اور روس کے تنازعے کے باعث انہوں نے مشرق کی بجائے برطانیہ سے فرانس، اسپین اور پھر مراکش تک سفر کیا۔

افریقی ملک سینیگال پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنی موٹر سائیکل کو بحری جہاز سے برازیل پہنچایا،مگر وہ شپنگ کنٹینر عارضی طور پر راستے میں 'گم' ہوگیا جس کے باعث ان کا سفر 7 ہفتے تاخیر کا شکار ہوگیا اور انہیں لگنے لگا کہ ریکارڈ بنانا ممکن نہیں ہوگا،وہ فضائی پرواز سے پاناما پہنچے اور پھر شمالی امریکا میں داخل ہوگئے، جہاں لاس ویگاس میں 4 روزہ قیام کے دوران انہوں نے شادی بھی کی۔

امریکا سے وہ کینیڈا پہنچے اور پھر ایک پرواز کے ذریعے جنوبی کوریا کا رخ کیا اور پھر کشتی کے ذریعے روس پہنچے اور وہاں سے منگولیا کا رخ کیا،19 نومبر کوان کا سفر لندن پہنچنے پر مکمل ہوا جہاں ان کا استقبال متعدد افراد نے کیا،بعد ازاں انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو سفر کے ثبوت جمع کرائے اور اب ان کے نام ریکارڈ بک کا حصہ بن چکے ہیں۔


 

مزیدخبریں