تعلیمی چینل ’ٹیلی سکول‘ کورونا کے بعد بھی چلتا رہے گا؟

12:19 PM, 3 Jun, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد ( پبلک نیوز) کورونا وائرس کی وجہ سے فزیکل جسمانی سرگرمیاں بالکل بند ہو گئی تھیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر پاکستان ٹیلی وژن کے تحت " ٹیلی سکول" کے نام سے تعلیمی چینل کا آغاز کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس کووڈ-19 کے سبب سکولوں کی بندش کے دوران وفاقی وزارت تعلیم نے تمام پاکستان کے طلبہ و طالبات کو تعلیمی عمل سے جڑے رکھنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹیلی اسکول ٹی وی چینل کو لانچ کیا۔

ٹیلی اسکول کے ذریعے نہ صرف اعلی ثانوی تعلیم تک کے طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔ آؤٹ آف اسکول چلڈرن کو بھی اس سے استفادہ کرنے کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔ بیسک لٹریسی اور تعلیم بالغاں کے لئے بھی یہ چینل اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹیلی اسکول صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک ہر روز پہلی کلاس سے بارہویں کلاس تک کے طلبہ کے لئے انگلش، میتھ، اردو، سائنس و جنرل نالج پر مبنی ویڈیو لیسنز براڈ کاسٹ کرتا ہے۔ وزارت کے اس اقدام کیوجہ سے آٹھ ملین سے زیادہ بچے روزانہ کی بنیاد پر مستفید ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پی ٹی وی کو وزارت تعلیم کی طرف سے تعلیمی چینل " ٹیلی اسکول" کی ادائیگی کے لیے تین سو ملین کا چیک دے دیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ قومی ادارے نے مشکل حالات میں تعلیم کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے وزارت تعلیم پی ٹی وی کی شکر گزار ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ٹیلی سکول کو وبا کے خاتمے کے بعد بھی جاری رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں