سعودی شہریوں سے موبائل فون چھیننے والاایک ملزم گرفتار

03:27 PM, 3 Jun, 2024

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا  نوٹس کام کرگیا، سعودی شہریوں سے موبائل فون چھیننے والا ایک  ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے نوٹس پر اسلام آباد پولیس نے  بروقت ایکشن لیتے ہوئے  سیکٹر ایف ایٹ سے سعودی  شہریوں سے موبائل فون چھینے  والے ایک ملزم  کو گرفتار کر لیا ۔ اسلام آباد پولیس نے 12 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کرکے دونوں موبائل فون برآمد کر لئے ہیں۔گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں  ۔

اسلام آباد پولیس نے موبائل ٹیکنالوجی۔ کیمروں اور  ہیومن انٹیلی جنس کے ذریعے ملزم کو ٹریس کیا۔آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی علی رضا نے سعودی سفارت خانے جا کر  برآمد شدہ موبائل فون متعلقہ حکام کے سپرد کئے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی علی رضا اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔وزیر داخلہ نے کہا اسلام آباد پولیس ملزم کی گرفتاری اور موبائل فون برآمد کرنے پر مبارکباد اور تحسین کی مستحق ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے متعلقہ پولیس ٹیم کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان بھی کیاہے۔

خیال رہے کہ  اتوار کو  وفاقی دارالحکومت میں  دو سعودی شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹا گیا تھا۔دو نامعلوم افراد نے انہیں اسلحہ سے دھمکایا اور آئی فون 15 پرو چھین کر موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

واضح  رہے کہ 30 اور 35 برس کے دو سعودی شہری سیاحت کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے۔

مزیدخبریں