پاکستان میں خود کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں، آسٹریلوی سپنر
05:05 AM, 3 Mar, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے آسٹریلوی سپنر ناتھن لیون نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ آسٹریلیا کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ورلڈ کرکٹ اور پاکستانی مداحوں کے لئے اہم ہے۔ آسٹریلوی سپنر ناتھن لیون نے کہا کہ پاکستان میں خود کو محفوظ محسوس کر رہے ہیں ، شائقین کودونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، دورہ پاکستان میں تینوں ٹیسٹ کانٹے دار ہوں گے۔ ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلوی آف سپنر ناتھن لیون کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد آئی ہے اور ہم بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔ 2019 ء کے بعد غیر ملکی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلنا چیلنجنگ ہوگا۔ ہم مثبت سوچ کے ساتھ پاکستان کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ ابھی معلوم نہیں کہ ایک یا پھر دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس پچ پر ہم نے پریکٹس کی وہ زیادہ سپن نہیں کر رہی تھی لیکن امید کر رہے ہیں کہ دورہ پاکستان میں تینوں ٹیسٹ کانٹے دار ہوں گے۔ ناتھن لیون نےکہا کہ آسٹریلیا کے پاس ایشٹن ایگر اور مچل مارش جیسے باصلاحیت آل راؤنڈرز اور مارنس لبوشین اور اسٹیو سمتھ اچھے اوپنر ہیں جبکہ مارنس لبوشین اور اسٹیو اسمتھ کو ٹیسٹ میں بولنگ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ناتھن لیون نے کہا کہ آسٹریلیا کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنا ورلڈ کرکٹ اور پاکستانی مداحوں کے لیے اہم ہے، نہ صرف آسٹریلیا بلکہ پاکستان میں بھی آسٹریلوی کھلاڑی رول ماڈل بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کھیلنا آسٹریلیا کے لیے چیلنجنگ ضرور ہو گا لیکن ہم تیاری پوری کر رہے ہیں، راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ عرب امارات جیسی لگ رہی ہے، امید ہے کہ اسپن بھی ہو گی اور ریورس سوئنگ بھی دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نوازی کمال کی ہے اور ہم خوب انجوائے کر رہے ہیں، ہوٹل اسٹاف ہمارا بھرپور خیال رکھ رہا ہے۔خیال رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 24 برس بعد 27 فروری کو پاکستان پہنچی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ کوپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔