کرکٹر محمد رضوان نے ''عشق اور لو میرج'' کا اعتراف کرلیا

06:29 AM, 3 Mar, 2022

Rana Shahzad
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز محمد رضوان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے بھی عشق کیا تھا۔ ان کے اس اعتراف کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔ خیال رہے کہ محمد رضوان کا شمار موجودہ کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے انتھک محنت سے ورلڈ کرکٹ میں اپنا نام بنا لیا ہے۔ حالیہ پی ایس ایل 7 میں ان کی کارکردگی اور کپتانی کی پوری دنیا تعریف کر رہی ہے۔ محمد رضوان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ بہت شرمیلے اور بہت سادہ طبعیت کے مالک انسان ہیں۔ انھیں ہر وقت ہنستے مسکراتے ہوئے ہی دیکھا جاتا ہے۔ وہ میدان میں بھی ذہنی دبائو کا شکار نہیں ہوتے اور کوئی پریشر اپنے چہرے سے ظاہر نہیں کرتے۔ لیکن کرکٹ کے میدان سے ہٹ کر بھی ان کی ذاتی زندگی سے متعلق کچھ دلچسپ چیزیں سوشل میڈیا پر سامنے آتی رہتی ہیں۔ رضوان خود اس بات کا بھی اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں سوشل میڈیا سے متعلق کچھ نہیں پتا۔ ان کے پاس واٹس ایپ کے علاوہ کوئی ایسا اکاؤنٹ نہیں جسے سے وہ خود دیکھتے ہوں جبکہ ٹویٹر اکاؤنٹ بھی ان کے بھائی چلاتے ہیں اس کے علاوہ ان کا کوئی اپنا اکاؤنٹ نہیں ہے۔ اب حال ہی میں سوشل میڈیا پر محمد رضوان کا ایک ویڈیو کلپ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنی لو میرج یعنی پسند کی شادی کا اعتراف کیا ہے۔ انٹرویو میں صحافی نے قومی کرکٹر محمد رضوان سے سوال کیا کہ کیا کبھی عشق کیا ہے؟ اس کے جواب میں رضوان نے مسکراتے ہوئے اعتراف کیا کہ ان کی محبت کی شادی ہے۔ ان کے اس ویڈیو کلپ کو اب تک ہزاروں لائیکس مل چکے ہیں۔
مزیدخبریں