امریکا کا شکریہ،زیلنسکی کا ویڈیو پیغام سیکیورٹی ضمانتوں کے مؤقف پر قائم

10:53 AM, 3 Mar, 2025

ویب ڈیسک: یوکرین کے صدر زیلنسکی نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جھگڑے کے چند دن بعد ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ امریکا کی اہمیت سمجھتے ہیں اور شکرگزار ہیں لیکن سیکیورٹی ضمانتیں ان کے ملک کے لئے اہم ہیں۔تاہم یوکرین اب بھی امریکا کیساتھ معدنیات کا معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

امریکا سے اظہار تشکر  کے ویڈیو پیغام میں انہوں نے اپنے دیرینہ مؤقف پر زور دیتے ہوئے کہا  جنگ کے خاتمے کی کلید سیکیورٹی کی ضمانتیں ہیں،  ایکس (سابق ٹویٹر) پر  جاری کردہ ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ "امریکا کی اہمیت کو سمجھتے ہیں" اور امریکا سے ملنے والی تمام حمایت کے شکر گزار ہیں۔

زیلنسکی نے کہا کہ ملک یوکرین میں جنگ کے خاتمے اور امن قائم کرنے کے لیے یورپ کی طرف سے "واضح حمایت" اور "اس سے بھی زیادہ اتحاد، تعاون کے لیے مزید آمادگی" نظر آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کے تمام اتحادی، بشمول برطانیہ، یورپی یونین، ترکی اور مزید اس بات پر متفق ہیں کہ "حقیقی امن کے لیے ہمیں حقیقی سلامتی کی ضمانتوں کی ضرورت ہے"،

امن معاہدے میں امریکا بھی شامل ہوگا: زیلنسکی

ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ تلخ کلامی کے واقعے کے بعد کہا کہ امن معاہدے کے لیے ہونے والی سفارتی بات چیت میں امریکا بھی "یقینی طور پر" شامل ہو گا۔ یہ بات انہوں نے لندن میں یورپی سربراہی اجلاس کے بعد کہی۔

سربراہی اجلاس کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے زیلنسکی نے کہا، "تعلقات کو بچانے کے حوالے سے، میں سمجھتا ہوں کہ ہمارا تعلق برقرار رہے گا۔"

لندن میں بات چیت کے اختتام پر، زیلنسکی نے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن انہوں نے اپنے اس مؤقف کا بھی اعادہ کیا کہ وہ امن معاہدے کے تحت روس کو کوئی علاقہ نہیں دیں گے۔

یوکرینی صدر سے بی بی سی کی نامہ نگار کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا صدر ٹرمپ کے ساتھ ایک غیر معمولی اور تلخ ملاقات کے باوجود وہ امریکا کے ساتھ مثبت بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

اس کے جواب میں یوکرین کے صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین اب بھی امریکا کے ساتھ معدنیات کا معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

مزیدخبریں