ویب ڈیسک: اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد فردوس عاشق اعوان کا ردعمل سامنے آ گیا۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کرپٹ شاہی خاندان کی جعلی راجکماری کے نزدیک انکے ابا جی، چچا اور رانا ثنااللہ کی بیوروکریٹس اور انکی اولادوں کو دی گئی دھمکیاں حلال جبکہ ACکی دانستہ کوتاہی کی نشاندہی کرنا حرام ہے!
انہوں نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ شاہی خاندان کے کرپٹ لٹیروں کا مقصد کرپشن بچانا جبکہ ہمارا مقصد عوامی مفاد کا تحفظ ہے۔
معاملے پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے تنقید سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا اپنی ناکامی اور بدترین کارکردگی کا غصہ سرکاری افسران پر نکالنا فرعونیت ہے۔رمضان بازاروں ميں غير معياری،مہنگی اشياء حکومتی نالائقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔سرکاری افسران آپ کے ذاتی ملازم نہیں۔سيالکوٹ کے رمضان بازار ميں خاتون اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کے ساتھ ہونے والا سلوک قابل مذمت ہے۔.
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس اور بیوروکریٹس پڑھ لکھ کر، محنت کر کے، مقابلے کے امتحان پاس کر کے اس مقام تک پہنچتے ہیں، SELECT ہو کر نہیں آتے۔ وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو افسران کی تذلیل کا لائسنس مل گیا ہے۔ یہ رعونت قابل قبول نہیں۔ سونیا صدف سے معافی مانگیے