اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آٹا، گھی، چینی، چکن، انڈوں اور سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکریٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے وزیر خزانہ کی ہدایات کی روشنی میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریق کار پر بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی کی اعداد و شمار اکٹھے کرنے سے متعلق طریق کار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔ سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے گندم کے دستیاب ذخائر بارے بریفنگ دی۔ صوبائی حکومتوں کی جانب سے رمضان سہولت بازاروں کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی صوبائی حکومتیں رمضان بازاروں میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔ رمضان میں اشیائے ضروریہ کی طے شدہ نرخوں پر وافر دستیابی یقینی بنائی جائیں۔ عید کے موقع پر اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی اور صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے۔ عید کے موقع پر کسی صورت ذخیرہ اندوزی اور بے جا منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔