عمران خان ، ثاقب نثار کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر
07:59 PM, 3 May, 2023
اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ریفرنس کے ہمراہ نجم ثاقب کی آڈیو لیک کا متن لگایا گیا۔ پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز کی فہرست سمیت دیگر دستاویزات کا ریکارڈ بھی ریفرنس کے ہمراہ پیش کیا گیا۔ موقف اپنایا گیا کہ یہ شکایت مالی اور اخلاقی کرپشن کی بناء پر دائر کر رہے، ایک سیاسی جماعت نے قانون، اخلاقیات اور جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔ آئین، قانون اور الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کارروائی کرے۔ ریفرنس میں کہا گیا کہ 29 اپریل کو سامنے آنے والی آڈیو سے افراد بےنقاب ہوئے، 26 اپریل کو ملزم ابوزر کو پارٹی ٹکٹ دینے سے حقیقت ثابت ہو گئی، ثاقب نثار، اعجاز چودھری، اسد عمر نے سہولت کاری کی۔ ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن معاملے کی تحقیقات کرائے، ملزموں کو سزا دے، عمران خان کو پارٹی چیئرمین کے عہدے سے معطل کیا جائے، پی ٹی آئی کی طرف سے جنرل الیکشن میں جاری کردہ پارٹی ٹکٹ معطل کئے جائیں۔اس کے علاوہ کرپشن، کرپٹ پریکٹسز کے الزامات پر قانونی کارروائی کی جائے۔