ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہیئں، اے پی سی اعلامیہ

09:24 PM, 3 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہیئں ، پارلیمانی بالادستی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے ،موجودہ سیاسی ، عدالتی اور اقتصادی بحران نے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی۔عدالت کا کام آئین کی تشریح ہے، آئین و قانون سازی پارلیمان کا اختیار ہے،تمام جماعتیں باہمی مذاکرات سے الیکشن کی تاریخ کا تعین کریں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ موجودہ سیاسی، عدالتی اور اقتصادی بحران نے غیر یقینی صورتحال پیدا کردی ہے، سیاست اگر ختم ہوگی تو آئینی اور پارلیمانی بالادستی کو خطرات لاحق ہونگے، پارلیمانی بالادستی کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔ اعلامیہ کے مطابق پختونخوا اور ملک کے دوسرے حصوں میں دہشت گردی کی نئی لہر نے انتہائی خطرناک شکل اختیار کر لی ہے۔ ماضی میں اسٹیبلیشمنٹ اور حکمرانوں کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں کی وجہ سے دہشت گردی شروع ہوئی اور ۲۰۱۴ میں ایک متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنا۔ بدقستمی سے اسکو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے حوالے سے جو متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنا تھا اس پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا ؟ اسکے ذمہ داروں کا محاسبہ کیا جائے، عوام نے ماضی کے تمام فوجی آپریشنوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے کیونکہ ان آپریشنوں کی وجہ سے دہشت گردوں کی بجائے عوام کو شدید جانی و مالی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں۔ جاری اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا کہ ایک نیا میثاق معیشت تشکیل دیا جائے، صوبائی خودمختاری کے خلاف کسی بھی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اٹھارویں آئینی ترمیم پر اسکی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیا جائے۔ ختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا جائے اور فوری طور پر نیشنل فنانس کمیشن کا اجرا کیا جائے۔
مزیدخبریں