مسافر بس کھائی میں جا گری، 20 افراد جاں بحق،متعددشدید زخمی

09:20 AM, 3 May, 2024

ویب ڈیسک: چلاس کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق، 22 شدید زخمی ہو گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بس کو حادثہ چلاس کے علاقے شاہراہ قراقرم پر یشوکھل داس کے مقام پر پیش آیا جہاں راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اچانک کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 20 کے قریب مسافر دم توڑ گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔

ترجمان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے حادثے میں 20 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بس کو حادثہ یشوکھل داس کے قریب موٹ کاٹتے ہوئے پیش آیا، بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے، چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے چلاس کے قریب بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور  جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

صدر مملکت نے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت  اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا  کی۔صدر مملکت نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےشاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر پیش آئے بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہارکیا۔

وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی ء درجات کی دعاء اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردیں۔

عبدالعلیم خان

وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نےچلاس بس حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قراقرم ہائی وئے پر بس حادثے میں 20 مسافروں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا۔

عبدالعلیم خان  نے کہاکہ اللہ تعالیٰ مرحومین کے درجات بلند فرمائے۔ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام دے۔ آمین۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے حادثے میں ہونے والے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی۔

مزیدخبریں