ویب ڈیسک: ترجمان مذہبی امور نے کہا ہےکہ حج 2024 کیلئے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ایئرپورٹ اتریں گی،24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گی، فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہونگے۔
اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہونگے۔
کراچی سے 02 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر ، لاہور سے 03 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر ، ملتان سے دو پروازوں کے ذریعے 329 عازمین حج اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے، کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو روانہ ہو گی، سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی۔
259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو اختتام پذیر ہو گا،20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔