سبسڈی کا اعلان کرنےآئےاورمہنگائی میں مزید اضافے کی نوید سنا گئے

05:00 PM, 3 Nov, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا خطاب عوام کو ریلیف کے اعلان کے بجائے زخموں پر نمک پاشی تھا۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر حمزہ شہباز نے بیان میں کہا ہے کہ آئے سبسڈی کا اعلان کرنے تھے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی میں مزید اضافے کی نوید سنا گئے۔ عمران خان کا خطاب غریب عوام کے لئے سبز باغ تھا۔ وزیراعظم صاحب 2 کروڑ پاکستانی نہیں آپ کی حکومت نے 22 کروڑ پاکستانیوں کو سبسڈی کا مستحق بنا چھوڑا ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی نااہلی کے سبب پاکستان کے متوسط طبقے کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ یہ ریلیف کا پیکج ایک کروڑ نوکریوں کے جھانسے اور پچاس لاکھ گھر کے جھوٹ کی نئی قسط ہے۔ ماضی کی حکومتوں پر اپنی نا اہلی کا ملبہ ڈالتے ڈالتے وزیراعظم اور ان کی ٹیم اب عالمی مہنگائی کی کہانیاں سنانا شروع ہو گئے ہیں۔ دنیا کے دوسرے ممالک سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کی معیشت کا مقابلہ کیوں نہیں کیا وہاں کے عوام کی فی کس آمدنی کا مقابلہ کرنا بھی بھول گئے۔ کیا اس سبسڈی سے روٹی 10 روپے سے سستی ہو جائے گی کیا عام عوام کے لئے 125 روپے کلو چینی سستی ملے گی۔ کیا دوائیوں میں ہونے والے 500 فیصد اضافے پر بھی حکومت سبسڈی دے گی کیا 220 روپے کلو ملنے والی ایل پی جی بھی سستی ملے گی۔
مزیدخبریں